مزید پڑھیں

اللہ تعالیٰ کا وعدہ حفاظتِ قرآن کریم کیسے پورا ہو رہا ہے

دنیا میں بے شمار اشیاء ایسی ہیں جن کو عوام الناس قدیم در قدیم سمجھتے ہیں پر جب وہ اس شے کی تحقیق کرتے ہیں تو یہ احساس ہوتا ہے کہ یہ بوجہ قدیم ہونے کے پرانی اورخراب ہو گئی ہے۔ پر اگر غور کیا جائے تو معلوم پڑتا ہے کہ اس صفحۂ ہستی پر ایک ایسی عظیم کتاب موجود ہے جو کہ ۱۵۰۰ سال سے ویسی ہی ہے جیسی ہمارے آقا سیدومولا محمدِ مصطفیٰﷺ کے زمانہ میں تھی۔ نہ اسکا کوئی حرف بدلہ اور نہ ہی اسکی کوئی تعلیم پرانی ہوئی اور نہ ہی منسوخ ہوئی۔ سوچنے کی بات یہ ہے کے آخر یہ سب کیسے ہوا اور یہ کیسے ممکن ہوا کہ عرصہ دراز کے باوجود بھی ایک یہ کتاب نہ بدلی پھر ایسی کونسی طاقت ہے جو ناممکن کو ممکن میں بدل دیتی ہے وہ طاقت اللہ تعالیٰ کی ذات ہے جس نے یہ وعدہ کیا اور یہ اعلیٰ مرتبہ کا قول بیان فرمایا کہ:

اِنَّا نَحۡنُ نَزَّلۡنَا الذِّکۡرَ وَاِنَّا لَهٗ لَحٰفِظُوۡنَ

 ترجمہ: یقیناً ہم نے ہی یہ ذکر اُتارا ہے اور یقیناً ہم ہی اس کی حفاظت کرنے والے ہیں. (الحجر آیت ۱۰)

اس رحمان خدا کی قدرت تو دیکھو کہ اس نے اپنی عزیز کتاب کی حفاظت کے لئے انسان کے واسطے مختلف ذرائع عطا فرمائے جیسے کہ حفظ کرنے کی طاقت دی اور پھر آہستہ آہستہ انسان کو کتابت بھی سکھائی اور اس عظیم پیغام کو ساری دنیا میں نشر کیا اور پھر اسکی نشاۃِ ثانیہ کے لئے خدا تعالیٰ نے عصر حاضر میں حضرت مسیح موعودؑ کو مبعوث فرمایا اور آپؑ کی بعثت کا مقصد قرآنِ کریم کی اشاعت اور اسکے حقیقی معنوں کی حفاظت فرمانا ہے اور اسی طرح آپؑ کے خلفاء بھی اسی مشن کو آگے بڑھانا ہے۔ قرآنِ کریم کو حفظ کرنے کا طریق شروع اسلام میں ہی نافذ ہو گیااور اس عظیم نعمت کو لوگوں کے دلوں میں محفوظ فرمایا آج بھی جب ہم اِسے حفظ کرتے ہیں تو ایک رنگ میں ہم قرآن پاک کی ظاہری حفاظت کرنے والے ہوتے ہیں اور اس پیشگوئی اور وعدہ کو پورا کرنے والے ہوتے ہیں کہ ہم اس کو یاد کرتے ہیں اور اگر کوئی بھول جائے یا غلط پڑھے تو ہم اس کی تصحیح کرتے ہیں جس سے یہ حفاظت قائم ہوتی چلی جاتی ہے۔حفظ کے ساتھ ساتھ آنحضرتﷺ نے کاتبینِ وحی کے ذریعہ اِس کلام کی ظاہری حفاظت بھی فرمائی اور اسی طرح خلافتِ راشدہ کے زمانہ میں اللہ تعالیٰ کے حکم سے قرآنِ کریم کی تدوین ہوئی پھر اس کے ایک مصحف میں جمع ہونے کے بعد اسکی نقل کروائی گئی اور اسے تمام اسلامی مملکت میں بھجوایا گیا اور جب اسلام غیر عرب ممالک میں داخل ہوا تو اسکی ظاہری اور معنوی حفاظت کے لیے اِس پر اعراب لگائے گئے۔ اسی ضمن میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ فرماتے ہیں: 

’’لاکھوں مسلمان اس کے حافظ ہیں۔ ہزار ہا اس کی تفسیریں ہیں ۔ پانچ وقت اس کی آیات نمازوں میں پڑھی جاتی ہیں ۔ ہر روز اس کی تلاوت کی جاتی ہے۔ اسی طرح تمام ملکوں میں اس کا پھیل جانا کروڑ ہا نسخے اس کے دنیا میں موجود ہونا ہر یک قوم کا اس کی تعلیم سے مطلع ہو جانا یہ سب امور ایسے ہیں کہ جن کے لحاظ سے عقل اس بات پر قطع واجب کرتی ہے کہ آئندہ بھی کسی نوع کا تغیر اور تبدل قرآن شریف میں واقع ہونا ممتنع اور محال ہے۔‘‘

(براہین احمدیہ ، روحانی خزائن جلد ۱ صفحہ ۱۰۲ حاشیہ نمبر ۹)

پھر آپؑ اس عظیم کلام کے سینوں میں محفوظ رکھے جانے کے بارے میں فرماتے ہیں:

یہ آیت کہ اِنَّا نَحۡنُ نَزَّلۡنَا الذِّکۡرَ وَاِنَّا لَهٗ لَحٰفِظُوۡنَ بجز اس کے اور کیا معنی رکھتی ہے کہ قرآن سینوں سے محو نہیں کیا جائے گا جس طرح کہ توریت اور انجیل یہود اور نصاری کے سینوں سے محو کی گئی……غرض یہ آیت بلند آواز سے پکار رہی ہے کہ کوئی حصہ تعلیم قرآن کا بر باد اور ضائع نہیں ہوگا اور جس طرح روز اوّل سے اس کا پودا دلوں میں جمایا گیا۔ یہی سلسلہ قیامت تک جاری رہے گا

(شهادة القرآن، روحانی خزائن جلد ۶ صفحہ ۳۵۱)

حضورؑ کے ان اقتباسات سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کے اللہ تعالیٰ نے اِن ذرائع سے اس پاک کلام کو لوگوں کے شر سے محفوظ رکھا۔

حضرت مصلح موعودؓ سورۃ الحجر کی ابتدائی آیات کی تفسیر میں  بیان فرماتے ہیں:

’’اللہ تعالیٰ نے الکتاب اور قرآنٌ مبینٌ کے الفاظ کو مقابل پر رکھ کر اس بات کو پیش کیا ہے ۔ کہ قرآن مجید کی حفاظت تحریر اور یاد دونوں ذریعوں سے کی جائے گی۔ یہ لکھا بھی جائے گا۔ اور بکثرت پڑھا بھی جائے گا۔‘‘

(تفسیر کبیر جلد ۵ صفحہ ۱۹۴ زیرِ تفسیر سورۃ الحجر آیت ۱-۲)

اگر ہم عصرِ حاضر کا جائزہ لیں تو ہمیں معلوم ہو جائے گا کہ یہ اُس زندہ خدا کا زندہ کلام ہے جو ازلی اور ابدی ہے وہ خود زندہ ہے اور اپنے ماننے والوں کو زندہ کرتا اور زندگی کے ذرائع بخشتا ہے قرآنِ کریم بھی ویسا ہی ہے وہ ایک زندہ کتاب ہے جو کہ ہر زمانے میں اپنے معارف خدا کے فضل سے بیان کرتا ہے آج جماعت احمدیہ کا بھی یہی مقصد ہے کہ ہم جو اپنے آپ کو اسلام کے حقیقی خادم کہتے ہیں اور حضرت مسیح موعودؑ کے پیغام کو ماننے والے ہیں ہمیں چاہیے کہ ہم بھی جو ذرائع اللہ تعالیٰ نے ہمیں عطا کئے ہیں ان سے مستفیض ہوتے ہوئے اس نعمت کی حفاظت کریں اور جتنا ممکن ہو اس کو حفظ کریں اور اپنی روز مرہ کی زندگی میں اس کی تعلیم کو اپنایئں، خود بھی سیکھیں اور دوسروں کو بھی سکھایئں جیسا کہ حدیثِ نبویﷺ میں ہے کہ:

خَيْرُكُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَهُ

ترجمہ: تم میں بہتر وہ شخص ہے جو قرآن سیکھے اور اس کو سکھائے۔ 

(صحیح البخاری، كتاب فضائل القرآن، باب نمبر ۲۱، حدیث نمبر ۵۰۲۷)

پھر ہم اس کے وہ معارف جو امام الزمانؑ نے ہمیں بیان کئے ہیں ان کو دنیا میں پھیلایئں اور جدید دور کی ترقیات سے قرآن پاک کی اشاعت کریں آخر پر دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس پاک کلام کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔